اہل غزہ کی بیچارگی عالمی یوم ضمیر منانے والوں کیلئے لمحہ فکریہ:مریم نواز
مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ 7 دہائیوں سے عالمی ضمیر پر مسلسل دستک دے رہا ہے :وزیر اعلیٰ پنجاب جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے ہر ملک و قوم کو اپنے ضمیر کی آواز سننا ہوگی:عالمی دن پر پیغام
لاہور(آن لائن،این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ 7 دہائیوں سے عالمی ضمیر پر مسلسل دستک دے رہا ہے ، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی بیچارگی عالمی یوم ضمیر منانے والوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے ہر ملک و قوم کو اپنے ضمیر کی آواز سننا ہوگی،اقوام متحدہ کا عالمی یوم ضمیر ہمیں سوچنے کی دعوت دیتا ہے ، یہ دن ہمیں بنیادی آزادی کے احترام کے آفاقی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی یاد دلاتا ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ انسانی فلاح وبہبود کیلئے ہمدردی کا احساس ضمیر میں برقرار رہنا ضروری ہے ، 2026 کیلئے عالمی یوم ضمیر کا تھیم بہتر مستقبل کیلئے ہوش مندانہ فیصلے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانیت کی بقاء کیلئے ساکنان ارض کا ضمیر زندہ رہنا ضروری ہے ، انسانی ضرورتوں کے درمیان ضمیرکے احساس کو برقرار رکھنا ہی انسانیت ہے ، عالمی یوم ضمیر محبت،امن اوررواداری کی روایات برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے ،جنگوں کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے ہر ملک وقوم کو اپنے ضمیر کی آواز سننا ہوگی ۔عالمی یوم ضمیر بنیادی آزادی کے احترام کے افاقی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی یاد دلاتا ہے ۔