مضر صحت دودھ پر 3 دکانیں بند ،43 فوڈ پوائنٹس کو جرمانے
فریزر میں گوشت ، ڈیری اشیا اکٹھی پڑی تھیں ، فوڈ ہینڈلرز کے سرٹیفکیٹ نہ تھے
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)فوڈ فراڈ مافیا کیخلاف ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عاشق حسین کی سربراہی میں وزیرآباد، قلعہ دیدار سنگھ، کامونکی، چندداقلعہ، جناح روڈ گوروناننگ پورہ فوڈ سٹریٹ سمیت ضلع بھر میں کارروائیاں کی گئیں جس میں3ملک شاپس بند کرتے ہوئے 43 فوڈ پوائنٹس کو 3لاکھ 25ہزار کے جرمانے عائد کرد ئیے جبکہ 2من ملاوٹی دودھ اور بھاری مقدار میں ایکسپائرڈ ممنوعہ اشیا تلف کردی گئیں ۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ انتہائی ناقص انتظامات اور سنگین خلاف ورزیوں پر ایکشن لئے گئے ، دودھ کے سیمپلز فیل ہونے پر3 ملک شاپس اصلاح تک بند کردی گئیں، فوڈ پروسیسنگ ایریا کے ناقص انتظامات اور گندا فریزر پایا گیا، فریزر میں گوشت اور ڈیری اشیا اکٹھی رکھی پائی گئیں، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکلز اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے ۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ بزنس آپریٹرز ہر صورت پیور فوڈ ریگولیشنز پر عمل درآمد لازم بنائیں۔