باپ، چچائوں اور دادا کی ہاتھاپائی میں 15ماہ کا بچہ جاں بحق
قصور(نمائندہ دنیا، خبرنگار)وراثتی زمین کا تنازع، باپ، چچائوں اور دادا کی ہاتھاپائی کے دوران 15ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔ تھانہ الہ آباد کے علاقہ گہلن ہٹھاڑ کے رہائشی عمر فاروق کا گزشتہ روز اپنے باپ عبدالرحیم اور بھائیوں عثمان اور عبدالجبار کے ساتھ وراثتی زمین کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔
تلخ کلامی اس قدر بڑھی کہ نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔لڑائی کے دوران قریب موجود عمر فاروق کا 15 ماہ کا بیٹا عبدالرحیم بھی زد میں آکر شدید متاثر ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کے جسم پر بظاہر کوئی زخم یا نشان موجود نہیں تھا۔تاہم جھگڑے کے دوران لگنے والی کسی اندرونی چوٹ کے باعث بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ باپ، چچائوں اور دادا کے دست و گریبان ہونے کے دوران بچہ کسی دبائو یا ضرب کی زد میں آیا جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس مصروف کارروائی ہے۔