مزنگ میں نوجوان کی گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی
چونیاں میں احتشام گھریلو جھگڑے پر زہریلی گولیاں کھاکر دم توڑ گیا
لاہور، قصور (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ دنیا)مختلف واقعات میں 2نوجوانوں نے خود کشی کرلی ۔تھانہ مزنگ کے علاقے میں نوجوان نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی ۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گھر سے نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی ہے ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے لاش پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق عثمان بھٹی نامی شخص کا علاج چل رہا تھا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ خودکشی کی کوشش کر چکا تھا ۔ ابتدائی طور پر خودکشی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ علاوہ ازیں چونیاں میں تھانہ سٹی کی حدود نظام پورہ کے رہائشی محمد ندیم کمبوہ کے 19 سالہ بیٹے احتشام کا گزشتہ روز گھر والوں سے کسی بات پر جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہو کر نوجوان نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی۔ورثا نے تشویشناک حالت میں سے فوری طور پر طبی امداد کے لیے لاہور منتقل کیا، جہاں جناح ہسپتال میں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔ پولیس مصروف کارروائی ہے ۔