6مبینہ پولیس مقابلے ، 3ملزم ہلاک، 5زخمی حالت میں گرفتار
پتوکی2 ،لالیاں میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مار ا گیا:پولیس صوبائی دارالحکومت میں شہروز اور زین ،جڑانوالہ میں بھی 2 ملزم زخمی ہوئے
لاہور،قصور،لالیاں،بچیانہ(کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا)پنجاب کے مختلف شہروں میں6 مبینہ پولیس مقابلے ،3ملزم ہلاک، 5زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ۔بتایا گیا ہے کہ قصور میں تھانہ صدر پتوکی کے علاقہ واں آدھن پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران واردات کر کے فرار ہونے والے 2ملزم ہلاک اور 2فرار ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے ، لاشیں تحویل میں لے کر شناخت کا عمل شروع کر دیاہے ۔ علاوہ ازیں چنیوٹ کی تحصیل لالیاں کے نواحی علاقہ کوٹ قاضی کے قریب سی سی ڈی سے مقابلہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے رجوعہ کا رہائشی آغا عرف آغو ہلاک ہو گیا ۔ دوسری طرف صوبائی دارالحکومت میں شاہدرہ پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ڈکیتی کے ملزم شہروزاورراوی روڈ پولیس نے ملزم زین خالد کو زخمی حالت میں گرفتارکر کے ہسپتال منتقل کر دیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ڈکیتی،اغواء ،زیادتی جیسی 30 وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ادھرتحصیل جڑانوالہ کے تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2منشیات فروش ناصر اشرف ہرل اور بلال فاضل شیخ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے 2ساتھی فرار ہو گئے ۔ ساہیوال کے تھانہ غلہ منڈی پولیس سے جھال پل 89/9-Lکے قریب مبینہ مقابلہ کے بعد ایک ملزم قمر عرف قمری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، اس کے قبضہ سے 1کلو 520گرام چرس اورپستول برآمد کر لیا گیا جبکہ دوسراملزم فرار ہو گیا۔