مردان :گور و دوارے میں فائرنگ ، سکھ میاں، بیوی ہلاک
مرد کی عمر 72 سال اور خاتون کی 69سال ،گور و دوارے کے نگران تھے چہروں پر گولیاں ماری گئی ہیں،ارکان اسمبلی گرپال سنگھ اور سریش کمار
مردان(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ایک گور و دوارے میں فائرنگ کے نتیجے میں سکھ میاں بیوی ہلاک ہو گئے ،پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ بابو محلہ، خواجہ گنج بازار میں واقع گور و دوارے کے اندر گھس کر نامعلوم ملزم نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں عبادت گاہ کے نگران بزرگ میاں بیوی ہلاک ہوگئے ،ڈی پی او مردان مسعود احمد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ماریہ مصطفی، اے ایس پی سٹی اور دیگر پولیس افسروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کئے اور واقعے کا جائزہ لیا ۔پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان گرپال سنگھ اور سریش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ بزرگ میاں بیوی گور و دوارے کے رکھوالے تھے اور ان کی اپنی کوئی اولاد نہیں تھی،مرد کی عمر 72 سال اور خاتون کی 69سال تک ہوگی،سریش کمار نے کہا کہ حملہ آوروں نے میاں بیوی کے چہروں پر گولیاں ماری ہیں۔