چونیاں :نوکری کے بہانے گردہ نکالنے کا ایک اور مبینہ واقعہ

چونیاں :نوکری کے بہانے گردہ نکالنے کا ایک اور مبینہ واقعہ

ایک روز قبل صداقت نامی شہری نے اپنے گردہ نکالے جانے کا الزام عائد کیا تھا حسن نامی شخص نے بھی اسی نوعیت کی تھانہ میں درخواست دیدی، کارروائی کا مطالبہ

الہ آباد ،تلونڈی(نمائندہ دنیا،نامہ نگار)چونیاں میں نوکری کا جھانسہ دے کر ایک اور نوجوان کا مبینہ طور پر گردہ نکال لیا گیا، علاقہ میں انسانی اعضا کے غیر قانونی پیوندکاری کے بڑھتے ہوئے مبینہ واقعات نے خطرے کی گھنٹی بجادی ۔تفصیلات کے مطابق سرکل چونیاں میں دو روز کے دوران نوکری کا جھانسہ دے کر دو شہریوں کے گردے نکالے جانے کے مبینہ واقعات سامنے آگئے ہیں۔ایک روز قبل صداقت نامی شہری نے الزام عائد کیا تھا کہ اسے روزگار کا لالچ دے کر ملزمہ فرزانہ عمر اورجمشید نے اس کا گردہ نکال لیا ، جس پر تھانہ سٹی چونیاں نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی۔ اب گزشتہ روز چونیاں بسمہ اللہ چوک بھٹہ خشت رانا خلیق کے رہائشی حسن نے بھی اسی نوعیت کا الزام عائد کرتے ہوئے تھانہ میں درخواست دے دی اور الزام عائد کیا کہ پرویز نامی شخص اسے 35 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ والی نوکری کا کہہ کر اسلام آباد لے گیا،  جہاں اسے بے ہوش کرکے اس کا ایک گردہ نکال لیا گیا ہے ۔متاثرہ شخص حسن کے بھائی سرفراز کی مدعیت میں پرویز اور 2 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ سٹی چونیاں میں درخواست دیدی گئی ہے ۔متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب، آر پی او شیخوپورہ اور ڈی پی او قصور سے فوری داد رسی اورملزموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں