اوکاڑہ :نجی کلینک میں دوران ڈلیوری آپریشن خاتون جاں بحق
حالت بگڑنے پر بروقت طبی امداد نہ دی:لواحقین کا الزام، شدید احتجاج متعلقہ ڈاکٹر میٹرنٹی ہوم چھوڑ کر فرار، انتظامیہ کا موقف سامنے نہ آسکا
گیمبر اوکاڑہ کینٹ (نمائندہ دنیا )اوکاڑہ کے علاقہ گیمبر میں نجی میٹرنٹی کلینک میں مبینہ طور پر ڈیلیوری آپریشن کے دوران خاتون جاں بحق ہوگئی، جس پر لواحقین اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔لواحقین کے مطابق خاتون کو زچگی کیلئے میٹرنٹی ہوم میں داخل کیا گیا تھا، جہاں آپریشن کے دوران اس کی حالت بگڑ ی۔ اہلخانہ نے الزام عائد کیا کہ بروقت طبی امداد فراہم نہ کئے جانے کے باعث خاتون جانبر نہ ہو سکی جبکہ متعلقہ ڈاکٹر بھی مبینہ طور پر میٹرنٹی ہوم چھوڑ کر فرارہو گیا۔واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے میٹرنٹی ہوم کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور علاقےمیں قائم میٹرنٹی ہومز کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ جاں بحق خاتون کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال منتقل کر دی گئی۔ آخری اطلاعات تک متعلقہ میٹرنٹی ہوم کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔