1ماہ 64:ڈی پورٹ افراد کوقید‘ 10لاکھ 48ہزار جرمانہ
رواںسال 8جولائی تک 172ملزموں کو سزائیں سنائی جا چکی :ڈائریکٹر ایف آئی اے
گوجرانوالہ،سیالکوٹ (نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نمائندہ دنیا)ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ ڈویژن محمد بن اشرف کی ہدایت پر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک ماہ کے دوران لیبیا اور یونان سے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لائے گئے 90 ڈی پورٹ افراد گرفتار کر کے عدالت پیش کر دئیے جبکہ عدالت نے 64 ڈی پورٹ افراد کو10 سے 15 روز قید اور ہر ملزم کو 25 ہزار سے 50 ہزار جرمانے کی سزا سنائی۔ سزا یافتہ ڈی پورٹ افراد کو مجموعی طور پر 10 لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا نیز دیگر ملزموں کے سمری ٹرائل جاری ہیں۔ لیبیا اور یونان سے ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کر دئیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے مختلف مقدمات میں یکم جنوری سے 8 جولائی 2026 تک 172 ملزموں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے زون کی رواں سال کی کارکردگی شیئر کرتے میڈیا کو بتایا کہ 7 ماہ کے دوران مختلف مقدمات میں ملزموں کو 22 سال قید کی سزائیں جبکہ مجموعی طور پر 1 کروڑ 37 لاکھ 29 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔