دہشتگردی اور سائبر کرائم کیخلاف عالمی تعاون ناگزیر:محسن نقوی
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی، منظم جرائم، سائبر کرائم، انسانی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ جیسے سکیورٹی چیلنجز سرحدوں کے پابند نہیں، اس لئے کوئی بھی ملک تنہا ان خطرات سے مؤثر انداز میں نہیں نمٹ سکتا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ان خطرات کے سدباب کیلئے بین الاقوامی تعاون، باہمی اعتماد اور بروقت معلومات کا تبادلہ ناگزیر ہو چکا ہے ۔اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک میں منعقدہ اقوام متحدہ پولیس سربراہان سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، لہٰذا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی جدید ٹیکنالوجی اپنانے ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور تربیتی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سکیورٹی ماہرین کے تجربات اور کامیاب حکمت عملیوں سے سیکھ کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں علاقائی صورت حال، بین الاقوامی امور اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کے قیامِ امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو سراہا گیا۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے دیرینہ کردار کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔