مبینہ مقابلہ، موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں مطلوب ملزم ہلاک
چوہلہ پلی موڑ پر ملزموں کی سی سی ڈی اقبال ٹاؤن اور لائلپور ٹاؤن کی ٹیم پرفائرنگ جوابی کارروائی میں ملزم احتشام عرف بلا ماراگیا، 66 سے زائد مقدمات درج تھے
پینسرہ (نمائندہ دنیا)سی سی ڈی اقبال ٹاؤن اور سی سی ڈی لائلپور ٹاؤن کی مشترکہ کارروائی کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق سی او سی سی ڈی اقبال ٹاؤن علی اکرم اور سی او سی سی ڈی لائلپور ٹاؤن صدیق چیمہ اپنی ٹیموں کے ہمراہ تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے چوہلہ پل کی جانب چھاپہ مار کارروائی کیلئے جا رہے تھے کہ چوہلہ پلی موڑ کے قریب مسلح ملزموں نے مبینہ طور پر ریڈنگ پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے اپنی حفاظت کے پیش نظر جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد ایک ملزم شدید زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت احتشام عرف بلا سکنہ چک جھمرہ کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزم موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا اور اس کے خلاف 66 سے زائد مقدمات درج تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور مختلف تھانوں کو اس کی تلاش تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments