قصور : شوہر، سسرالیوں کے تشدد، زہر سے 2 خواتین قتل
قصور،کوٹ رادھاکشن، تلونڈی(نمائندہ دنیا ، خبرنگار ،نامہ نگار)قصور کے علاقوں کوٹ رادھاکشن اور تلونڈی میں شوہر اور سسرالیوں کے بہیمانہ تشدد، زہردینے سے 2خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
کوٹ رادھا کشن میں شوہر کو تیسری شادی سے منع کرنا جرم بن گیا، شوہر نے اپنے گھر والوں سے ملکر 28 سالہ بیوی کو زہر دیکر قتل کر دیا اور واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی ۔مقتولہ کو لاہور جنرل ہسپتال لے جایا گیا، تاہم جانبر نہ سکی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم فرار ہوگئے ۔ مقتولہ نسرین کی شادی 4 سال قبل ملزم مزمل سے ہوئی جواپنے گھر والوں سے ملکر مقتولہ پر تیسری شادی کیلئے دباؤ ڈالتا رہا، ملزم پہلے سے بھی شادی شدہ تھا اور اس نے یہ بات نسرین سے مخفی رکھی۔
تیسری شادی کی اجازت سے انکار پر ملزم مزمل نے بھائیوں رضوان ،قربان اور والدہ امینہ بی بی سے ملکر نسرین کو زبردستی زہر پلا دیا جس سے مقتولہ جان کی بازی ہار گئی۔ ادھر تھانہ کھڈیاں خاص کے علاقہ بہار والا کھوہ ویرم روڈ پر گھریلو ناچاقی پر شوہر اور سسر کے بہیمانہ تشدد سے 30سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران شوہر اسلم اور اس کے باپ طفیل نے طیش میں آکر پروین بی بی کو وحشیانہ انداز میں مارپیٹ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جان سے گئی، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خاتون کوچیک کرکے مردہ قرار دیدیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش قبضے میں لیکر پوسٹمارٹم سمیت ضروری قانونی کارروائی شروع کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments