دادو: 2 گروہوں میں خونی تصادم‘ 8 افراد جاں بحق ‘ 3 زخمی

دادو: 2 گروہوں میں خونی تصادم‘ 8 افراد جاں بحق ‘ 3 زخمی

گوٹھ دانو چانڈیو میں راستے کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد گولیاں چل گئیں علاقہ میدان جنگ بن گیا، پولیس تعینات ،لوگ گھروں میں محصور، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

دادو (مانیٹرنگ ڈیسک)دادو میں کچے کے علاقے گوٹھ دانو چانڈیو میں دو گروہوں کے درمیان خونریز مسلح تصادم کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق اور 3شدید زخمی ہوگئے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی، اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ تفصیلات کے مطابق دادو میں کچے کے گاؤں دانو چانڈیو میں زمین اور راستے کے تنازع پر دو برادریوں کے درمیان  خونریز مسلح تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا، اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، مکین گھروں میں محصورہوکررہ گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک گروپ کے 6 جبکہ دوسرے گروپ کے 2 افراد مارے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دونوں گروپوں کے 2،2 سگے بھائی بھی شامل ہیں، پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان زمین کے تنازع پر پہلے سے اختلافات چلے آرہے تھے ۔ راستہ بنانے کے معاملے پر تلخ کلامی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں بچل چانڈیو، منظور چانڈیو، سلطان چانڈیو، ذوالفقار چانڈیو، حاجن چانڈیو اور فدا چانڈیو شامل ہیں، شیخ گلاب گروپ کے دو سگے بھائی دیدار چانڈیو اور گل بہار چانڈیو کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں زخمی ممتاز چانڈیو کی حالت تشویشناک ہونے پر سہون اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، جس نے تصادم رکوانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔ مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ صوبے میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...