
لاہور: (ویب ڈیسک، دنیا نیوز) کراچی میں سانحہ راولپنڈی کے خلاف وفاق المدارس العربیہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا، کارکنوں نے نعرے بازی کی۔ کچھ دیر بعد شرکا پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ کراچی میں ہی اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد گرو مندر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شرکت کے لئے شہر کے مختلف مقامات سے چھوٹے بڑے جلوس گورو مندر پہنچے۔ شرکا نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے بازی کر رہے تھے۔ شرکا نے نماز عصر بھی اسی جگہ ادا کی۔ اہل سنت والجماعت کے رہنماؤں مولانا تاج محمد حنفی ، عالمی مجلس ختم نبوت کے رہنما مولانا الحئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات سے قبل حکومت دونوں فریقوں ایک میز پر لائے اور معاملات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ لاہور میں مختلف جماعتوں کے کارکنوں نے نماز جمعہ کے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا اور سانحہ راولپنڈی کے خلاف نعرے بازی کی۔ شرکا نے کافی دیر تک شملہ پہاڑی چوک میں دھرنا دیئے رکھا اور نماز عصر بھی سڑک پر ادا کی۔ اس کے بعد شرکا پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی جلد از جلد تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد لال مسجد سے احتجاجی جلوس نکالا اور پریس کلب پہنچ کر شرکا نے دھرنا دے دیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ نماز عصر کی ادائیگی کے بعد شرکا پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ کوئٹہ میں اہلسنت والجماعت نے رمضان مینگل کی قیادت میں امداد چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ شرکا راولپنڈی کے واقعے کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ پریس کلب کے سامنے شرکا نے دھرنا دے دیا اور رہنماؤں کی تقاریر کے بعد منتشر ہو گئے۔ پشاور کے علاقے نمک منڈی میں مذہبی جماعتوں کے جلوس پہنچے اور وہاں سے سوئیکارنو چوک تک احتجاجی ریلی نکالی ،،، مظاہرین نے سوئیکارنو چوک میں دھرنا دے دیا اور نعرے بازی کی۔ نمک منڈی پہنچنے والے جلوسوں میں سب سے بڑا جلوس مدنی مسجد سے نکالا گیا تھا۔ فیصل آباد میں سانحہ راولپنڈی کے خلاف اہلسنت و الجماعت کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور گھنٹہ گھر چوک میں مظاہرہ کیا گیا ، ریلی کچہری بازار چوک سے شروع ہوئی اور گھنٹہ گھر چوک تک پہنچی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ راولپنڈی کے ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کر کے سزا دے۔ ملتان میں اہلسنت والجماعت نے حضوری باغ روڈ پر احتجاج کیا اور سڑک بند کر دی۔ مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی مارکیٹس بند کر دی گئیں۔
سے اہم مضامین پڑھیئے