ہم اسرائیل کو لبنان پر حملہ کرنے سے روکنے کیلئے کام کریں گے، جے ڈی وینس
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کو لبنان پر حملہ کرنے سے روکنے کیلئے کام کریں گے۔
سوئٹزر لینڈ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ لبنان تنازع کی شدت میں کچھ کمی ہوئی ہے، سوئٹزر لینڈ میں ایک یا دو روز تک میرا قیام ہوگا، امید ہے ایران کے ایٹمی معاملے پر کچھ پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی پر تشویش برقرار ہے کیونکہ بعض رپورٹس میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیلی حکومت اس معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتی ہے۔
نائب امریکی صدر نے مزید کہا کہ مذاکرات میں دیگر اہم امور بھی زیر غور آئیں گے، جن میں ایران پر عائد طویل عرصے سے پابندیاں اور امریکی تجویز کے تحت ایران کی معیشت کی بحالی کے امکانات شامل ہیں۔
قبل ازیں امریکی ٹی وی سے انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کے شواہد نہیں ملے، ایرانی اعلان کے باوجود آبنائے ہرمز کھلی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹیووٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران امریکہ مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں، یقین ہے ہم جنگ بندی برقرار رکھ سکتے ہیں، ایران کے ساتھ مذاکرات کو ایک موقع دیں گے۔