پنجاب اور سندھ میں طوفانی بارشیں، حیدر آباد میں جانوروں کی زندگی کو خطرہ

حیدر آباد کی عید گاہ میں برساتی پانی بھرنے سے نماز عید کا سب سے برا اجتماع خطرے میں پڑ گیا ہے۔ سندھ کی بڑی تفریح گاہ حید آباد کا چڑیا گھر مکمل تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ بہاولپور، بھکر ،جھنگ ، اوکاڑہ، صادق آباد، رحیم یار خان اور شور کوٹ میں بھی بارش ہوئی۔

  لاہور: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں عیدین کا سب سے بڑا اجتماع رانی باغ کی عید گاہ میں ہوتا ہے جس میں شہر بھر کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے، گزشتہ دو روز سے شہر اور اس کے اطراف میں وقفے وقفے سے برسات کے سبب عید گاہ میدان اس کے دلانوں میں برساتی پانی جمع ہو گیا ہے، عید گاہ سے پانی نکالنے کا کوئی انتظام نظر نہیں آتا، ضلعی انتظامیہ کی بے توجہی کے سبب عید الا ضٰحی کا سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میں نہیں ہو سکے گا، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی واحد عید گاہ سے ہنگامی بنیادوں برساتی پانی نکالا جائے تاکہ عید الا ضٰحی کی نما ز کا بڑا اجتماع منعقد ہو سکے۔ حیدر آباد میں دو روز کی برسات کے سبب سندھ کی بڑی تفریح گاہ کے چڑیا گھر کے پنجروں میں پانی بھر گیا ہے، جانور بھی مشکلات میں پھنس گئے، کئی جانوروں کے بیمار ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ دوسری جانب تھر پارکر میں بھی وقفے وقفے سے بادل کھل کر برسے، شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ٹھٹھہ میں موسلا دھار بارش ہوئی، شاہی بازار میں دو فٹ تک پانی جمع ہو گیا۔ بدین میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، گھوٹکی، دادو اور سیہون شریف میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ پنجاب میں بہاولپور، بھکر اور جھنگ میں تیز بارش ہوئی،اوکاڑہ، صادق آباد، رحیم یار خان اور شور کوٹ میں بھی بادل کھل کر برسے، سرگودھا، چیچہ وطنی، پیرمحل، کوٹ ادو، دنیا پور، پاکپتن میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں