
لاہور/راولپنڈی: (دنیا نیوز) گزشتہ روز ہونے والے فیض آباد آپریشن کے بعد ملک بھر میں ہنگاموں اور مظاہرین اور سکیورٹی فورسز میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔
دنیا نیوز براہ راست دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں:
8:00 AM
دھرنا قائدین کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس کی جائے گی۔ وزیر قانون کے مستعفی ہونے پر دھرنے کے شرکا نے خوب نعرے لگائے۔ دوسری جانب پولیس کی طرف سے دھرنا ختم کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، پولیس نے فیض آباد کے مقام پر سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانا شروع کر دیں۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔
7:15 AM
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو ہرن مینار سے کلرکھار تک، ایم تھری فیصل آباد سے کلرکھار تک جبکہ ایم فور بھی پشاور سے اسلام آباد تک تمام ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے۔
6:15 AM
حکومت اور مذہبی جماعت کے مابین دھرنا ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا، اعلان کسی بھی وقت متوقع ہے۔ معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا، علامہ خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری اور محمد وحید نور نے دستخط کیے جبکہ معاہدے پر میجر جنرل فیض حمید کے بھی دستخط موجود ہیں۔ معاہدے کے مطابق ملک بھر سے گرفتار افراد کو 3 دن کے اندر رہا کیا جائے گا جبکہ گرفتار افراد پر درج مقدمات بھی ختم کیے جائیں گے۔ معاہدے کے مطابق 25 نومبر کے ایکشن پر انکوائری بورڈ تشکیل دیا جائے گا جو 30 دن میں انکوائری مکمل کر کے ذمہ داران کا تعین کرے گا۔

5:30 AM
سرکاری ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے استعفیٰ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کیا۔
4:30 AM
شہر قائد میں نمائش چورنگی سمیت کئی مقامات پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔ دھرنوں کے باعث ٹریفک کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب آل کراچی تاجر اتحاد نے کسی ہڑتال میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ آل کراچی تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ مارکیٹیں اور دکانیں کھلی رہیں گی۔
3:00 AM
لاہور کی مشہور مال روڈ پر سخت سردی میں دھرنا جاری ہے۔ منتظمین نے کھلے آسمان تلے بیٹھے مظاہرین کو سردی سے بچانے کیلئے مکمل انتظامات کر رکھے ہیں۔ دھرنے میں موجود مظاہرین نے ابلے انڈوں، کشمیری چائے اور گرما گرم مشروبات سے سردی کو دور بھگایا۔
2:15 AM
ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق شاہراہوں کی بندش کے باعث آئل ٹینکرز کے ذریعے تیل کی سپلائی شدید متاثر ہے۔ فیول کی سپلائی نہ ہونے سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں پیٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
1:45 AM
حالات کے پیش نظر پی سی بی نے راولپنڈی میں ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کر دیئے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
1:00 AM
فیض آباد دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انجمن تاجران نے آج راولپنڈی کی تمام مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب انجمن پبلک ٹرانسپورٹ نے بھی آج گاڑیاں نہ چلانے کی کال دے رکھی ہے جکہ راولپنڈی میں آج تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
12:15 AM
ن لیگ میں اختلافات مزید بڑھنے لگے، وہاڑی سے ایم این اے طاہر اقبال کی بھی راہیں جدا، آئندہ الیکشن آزاد حیثیت سے لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایم این اے طاہر اقبال نے دعویٰ کیا کہ 20 مزید ایم این ایز جلد پارٹی سے راستے جدا کر لیں گے۔
11:10 PM
وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ حکومت نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کیا، وفاقی وزراء زاہد حامد اور انوشہ رحمان نے استعفیٰ نہیں دیا، عدالت نے حکم دیا کہ دھرنا ختم کرانے کیلئے غیرمسلح آپریشن کیا جائے، دھرنے والے مسلح تھے، اس لئے آپریشن روکنا پڑا، حکومت اپنے نقطۂ نظر سے عدالت کو کل آگاہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتی ہے، معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے، اس کے ساتھ دیگر ناموں کو مسلک کرنا غیرذمہ درانہ ہے، سب کو اجتناب کرنا چاہئے، حکومت پُرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے دھرنا ختم کر کے اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگوں کی مشکلات ختم کرنا چاہتی ہے۔
10:55 PM
شاہراہوں کی بندش سے آئل ٹینکرز کے ذریعے تیل کی سپلائی متاثر ہونے لگی۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ درجنوں آئل ٹینکرز شیخوپورہ، وزیر آباد، گوجر خان سے آگے جانے سے قاصر ہیں۔ ترجمان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق، ان آئل ٹینکرز میں 50 لاکھ لٹر سے زائد فیول موجود ہے، کوئی بڑا سانحہ بھی ہو سکتا ہے۔
10:40 PM
وفاقی وزیر داخلہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں چودھری نثار نے کہا ہے کہ میرے گھر میں کوئی ہلاکت تو درکنار کوئی شخص زخمی تک نہیں ہوا، احسن اقبال اپنی ناہلی چھپانے کے لئے بے سروپا بیانات سے گریز کریں۔ چودھری نثار نے استفسار کیا کہ کیا یہ وہی شخص نہیں جس نے کہا تھا کہ میں تین گھنٹوں میں دھرنا کلیئر کرا دوں گا؟ اب آپریشن کا سارا بوجھ عدالت پر ڈال رہے ہیں، یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ ملک کا وزیر داخلہ اتنا بے خبر اور غیرذمہ دار ہے، عہدے کا تقاضا تھا کہ احسن اقبال آپریشن پر بہانے بنانے کی بجائے اپنی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہوتے۔
10:10 PM
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ میڈیا چینلز کے لائیو دکھانے کی وجہ سے آپریشن مکمل نہ ہو سکا، انتظامیہ نے کشیدگی کم کرنے کیلئے آپریشن خود روکا، شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر اس معاملے پر کسی کا گناہ ہے تو اسے نکال دیا جائے۔
10:00 PM
انکوائری کمیٹی کے سربراہ راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ وہ آئنی بل میں متنازعہ شقوں کے حوالے سے کل تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں گے، کہتے ہیں اخلاقی طور پر رپورٹ کے مندرجات تو نہیں بتا سکتا لیکن اگر اس پر عمل کیا جائے تو بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: فیض آباد مظاہرین سے نمٹنے کی ذمہ داری ڈی جی رینجرز پنجاب کے سپرد
9:50 PM
جھنگ میں دربار سیال شریف پر سجادہ نشین حمید الدین سیالوی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 4 لیگی ایم این ایز اور 6 ایم پی ایز نے شرکت کی۔ تمام اراکین اسمبلی مستعفی ہونے کو تیار ہیں۔
9:40 PM
راولپنڈی میں چودھری نثار، حنیف عباسی اور راجہ ظفر الحق کے گھروں کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ رحمان آباد اور سکستھ روڈ کے علاقوں میں رینجرز تعینات ہے۔
9:30 PM
سیالکوٹ میں بھی مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے کل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ کل تمام مارکیٹیں، بازار اور کاروبار بند رہیں گے۔ انجمن تاجران نے تحریک لبیک سے اظہار یکجہتی کا اعلان کر دیا۔
9:20 PM
انجمن تاجران نے اعلان کیا ہے کہ کل لاہور کے تمام کاروباری ادارے اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔
9:10 PM
وزیر داخلہ نے خورشید شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ٹیلیفونک رابطے میں اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ہمیں ایک مؤقف اپنانا چاہئے۔ وزیر داخلہ نے فیض آباد آپریشن کے حوالے سے خورشید شاہ کو اعتماد میں لیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل چار افراد فیض آباد آپریشن کے دوران نہیں، چودھری نثار کے گھر کے سامنے زخمی ہوئے تھے۔ سید خورشید شاہ کہتے ہیں حکومت نے ملکی حالات مشورہ مانگا ہے، میں نے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا کہا ہے، احسن اقبال نے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں مدد مانگی ہے۔
8:50 PM
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزیر زاہد حامد نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ زاہد حامد نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم نے استعفیٰ منظور کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
8:30 PM
کسی کے گھر پر حملہ کرنا ہمارے نبی ﷺ کی تعلیمات نہیں ہیں، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ٹویٹ، کہتے ہیں ہمیں پاکستان کو نفرتوں سے بچانا ہو گا، بدقسمتی سے پی ٹی آئی ہنگامہ آرائی اور احتجاج کی حمایت کر رہی ہے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے آپریشن ہائیکورٹ کے حکم پر کیا، عدالت نے آپریشن روکنے پر مجھے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
8:20 PM
سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے، وزیر اطلاعات سندھ کا اعلان۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے فیصلے کی منظوری دے دی۔ تمام تعلیمی ادارے فیصلے پر عمل کرنے کے پابند ہونگے۔ وفاقی جامعہ اردو، جامعہ لیاری، سندھ مدرستہ الاسلام نے چھٹی کا اعلان کر دیا۔ ڈاؤ یونیورسٹی نے تمام پرچے ملتوی کر دیئے۔ داؤد انجینئرنگ اور این ای ڈی یونیورسٹی نے تاحال فیصلہ نہیں کیا۔
8:10 PM
شہباز شریف وفاقی حکومت کو مشکل سے نکالنے کیلئے ایکٹو ہو گئے۔ وفاقی وزیر قانون نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ زاہد حامد کے استعفے کا امکان ہے۔
7:55 PM
فیصل آباد میں صوبائی وزیر قانون کے گھر کے باہر پولیس اور مظاہرین میں تصادم جاری ہے۔ پولیس نے مظاہرین سے کوڑیاں والا پل خالی کروا لیا ہے۔ مظاہرین گلیوں میں داخل ہو گئے ہیں اور وقفے وقفے سے پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ شیلنگ سے قریبی آبادی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ہر طرف دھوئیں کے بادل چھائے ہیں جن کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
7:50 PM
انتظامیہ کے مطابق، سندھ یونیورسٹی جامشورو کل معمول کے مطابق کھلی رہے گی، طلباء افواہوں پر کان نہ دھریں۔
7:40 PM
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، احتجاج کی وجہ سے قومی شاہرات پر ٹریفک کے بہاؤ میں تعطل ہے۔ موٹروے ایم ون اسلام آباد تا پشاور مکمل طور پر کھلی ہے۔ ایم ٹو اسلام آباد سے چکری، پنڈی بھٹیاں بند ہے۔ لاہور سے فیض پور، شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹر وے ٹریفک کے لئے بند ہے۔ جی ٹی روڈ کامرہ، گوجر خان، مندرہ، سرائے عالمگیر، ٹیکسلا، مرید کے، کامونکی اور راوی ریان سے بند ہے۔ نیشنل ہائی وے ملتان روڈ پر موہلنوال، مانگا منڈی، پکا میل، چیچہ وطنی، لوہاراں والا کھوہ اور ہڑپہ سے بند ہے۔ موٹروے پولیس ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزار رہی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس نے اپیل کی ہے کہ شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
7:30 PM
اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں 2 روزہ چھٹی کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، تعلیمی ادارے پیر اور منگل کو بند رہیں گے۔
7:20 PM
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی رہائشگاہ واقع موہنی روڈ پر مشتعل افراد کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین اور اہل خانہ گھر پر موجود نہ تھے۔ تاہم، واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ گھر کے شیشے، کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔ موہنی روڈ کے اطراف میں دکانیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔
7:10 PM
حکومت کا بڑا فیصلہ، ڈی جی رینجرز کو فیض آباد میں دھرنا مظاہرین سے مذاکرات اور آپریشن کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ وفاق نے ڈی جی رینجرز پنجاب کو 3 دسمبر تک فیض آباد کلیئر کرانے کا ٹاسک دیدیا۔ ڈی جی رینجرز پنجاب کو دھرنے کے شرکاء سے نمٹنے کے تمام اختیارات دے دیئے گئے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے میجر جنرل اظہر نوید کو آپریشن انچارج بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: اسلام آباد آپریشن کا ملک بھر میں ری ایکشن، کئی شہروں میں دھرنے
7:00 PM
کراچی میں نمائش چورنگی سمیت 10 مقامات پر دھرنا جاری ہے۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔ شاہراہ پاکستان اور سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہیں۔
لاہور میں بھی مال روڈ پر دھرنا جاری ہے۔ شاہدرہ موڑ، بابو صابو، امامیہ کالونی، پھاٹک، ٹھوکر نیاز بیگ، فیصل چوک اور اچھرہ سمیت اہم شاہراہیں بلاک کر دی گئیں۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے۔
6:30 PM
وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر تمام نیوز چینلز کی نشریات بحال کر دی گئی ہیں، وزیر اعظم نے رپورٹنگ کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر اتفاق کے بعد ہدایات جاری کیں، چینلز پر پابندی تفصیلی غور اور بدامنی روکنے کیلئے لگائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینلز کی بندش کا فیصلہ بہت تکلیف دہ اور مشکل تھا، حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، بندش کا فیصلہ چند چینلز کی ہیجان انگیزی کی وجہ سے کیا، اقدام کا واحد مقصد ملکی سلامتی اور افراتفری سے بچاؤ تھا۔
6:20 PM
فیصل آباد میں مظاہرین رانا ثناء اللہ کے گھر کے باہر پہنچ گئے۔ پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ شروع کر دی۔
6:15 PM
بہاولپور میں تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام جاری انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق، ملک کی موجودہ سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں۔ عملی امتحانات کے لئے دوبارہ ڈیٹ شیٹ جاری کی جائے گی۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں کشیدہ صورتحال کے باعث انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ گومل یونیورسٹی 27 نومبر کو بند رہے گی۔
6:00 PM
لاہور میں کشیدہ صورتحال کے باعث پنجاب اسمبلی کا جاری اجلاس 4 دسمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد سپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی کیا گیا تھا۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے اور کشیدہ صورتحال کے باعث اجلاس اب چار دسمبر کو ہو گا۔
سے اہم مضامین پڑھیئے