حکومت کی مانیٹری پالیسی میں تاجر کو ریلیف دیا جائے: ایس ایم تنویر
لاہور:(دنیا نیوز) ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویرنے کہا کہ حکومت کی مانیٹری پالیسی میں تاجر کو ریلیف دیا جائے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویرکا کہنا تھا کہ حکومت شرح سود کو نیچے لے کرآئے، حکومت عوام کو سود خور مافیا سے بچائے، اچھی مانیٹری پالیسی ہونی چاہیے تاکہ انڈسٹری کو چلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بڑھتے بلوں کی وجہ سے تاجر برادری پریشان ہے ، انرجی سیکٹر کیلئے بنائی گئی فورس دن رات کام کررہی ہے، ہم لوگ 6 ٹریلین روپے ضائع کررہے ہیں ، ملک کی انڈسٹریز کو جان بوجھ کر ٹیکسوں تلے دبایا گیا ہے ، مانیٹری پالیسی میں تاجر کو ریلیف دیا جائے، آئی پی پیز کی وجہ سے آئے روز انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں، غریب لوگ گھریلو اشیا بیچ کر بجلی بل ادا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ملک میں خوشحالی آنی چاہیے اور ملکی معیشت کو چلنا چاہیے، آج کی پریس کانفرنس کا مقصد مانیٹری پالیسی ہے، حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ انڈسٹری کو چلنے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے ذمہ داری نبھا سکیں، کچھ مسائل کنٹرول سے باہر ہیں، اگلے ہفتے مانیٹری پالیسی آنا متوقع ہے، اس پر بات ہونی چاہیے، شرح سود کم کرکےباقی رہ جانے والی انڈسٹری چلائی جا سکتی ہے۔