پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں: سعودی وزیر سرمایہ کاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے لئے دوسرا گھر ہے، ہم دوست نہیں ایک خاندان ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، ہماری معیشت اور معاشرت ایک دوسرے سے جڑی ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلق قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی ملین پاکستانی سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا وہاں کی ترقی میں اہم کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بزنس فورم کاروباری افراد کیلئے بہترین فورم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون انتہائی اہم ہے، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے خطوں میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں، علاقائی خوشحالی کے ہدف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تجارت بڑھانے کیلئے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے، ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری ہمارے لئے اہم ہے، پاک سعودیہ تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مزید کہا کہ 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے، مفاہمتی یادداشتیں دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اہم سنگ میل ہیں، معاہدے تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہیں۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: سربراہ آئی ایف سی
پاک سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ آئی ایف سی ولید المرشد نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاری کیلئے پاکستان سے بات چیت مثبت رہی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کو فروغ دیں گے، پاکستانی سرمایہ کاروں میں کاروبار کے لحاظ سے پوٹینشل موجود ہے، سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر پاکستانی حکام کے شکر گزار ہیں۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایگزم بینک کے تامرالشطری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذہب اوراقدار پر مبنی مشترکہ تعلقات قائم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں