روس نے پاکستان کیساتھ دوستانہ فٹبال میچ کھیلنے سے انکار کردیا
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ مجوزہ فٹبال میچ منسوخ کر دیا ہے، یہ میچ اکتوبر کے دوران بین الاقوامی فٹبال ونڈو میں 11 تاریخ کو کھیلا جانا تھا۔
روسی فٹبال یونین نے میچ کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات اور وقت کی کمی کے باعث یہ میچ منعقد نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن پہلے ہی وقت کی کمی کے باعث میچ سے معذرت کر چکی تھی، فیڈریشن کے انکار کے بعد پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنی طرف سے ایک ٹیم روس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
سپورٹس بورڈ نے اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی اور اس ٹیم کے سفری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے تھے، تاہم اس ٹیم کو پاکستان کی قومی ٹیم کا درجہ حاصل نہیں تھا کیونکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس ٹیم کو منظوری نہیں دی تھی۔
ذرائع کے مطابق روسی فٹبال حکام نے آج دوپہر میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا۔
اس سے قبل اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے توسط سے پاکستان اسپورٹس بورڈ ٹیم تشکیل دے چکا تھا جس میں پاکستان فٹبال ٹیم کی نمائندگی کرنے والے چند پلیئرز بھی شامل تھے ۔