لاہور:اینٹی کرپشن کا اوورسیزپاکستانیوں کی جعلی کاغذات سے جائیداد ہتھیانے والے گروہ کیخلاف کریک ڈاؤن

لاہور : (دنیانیوز) جعلی کاغذات تیار کرکے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد ہتھیانے والے گروہ کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن لاہور کے مطابق جعلی کاغذات بنا کر جائیداد ہتھیانے والے گروہ کے سرغنہ عبدالغفور کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے ، ملزم عبدالغفور سے حاصل معلومات کی روشنی میں دیگر ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے گا، اینٹی کرپشن لاہور نے گروہ کے سرغنہ عبدالغفور کو بیرون ملک مقیم پاکستانی کی جائیداد کے جعلی کاغزات تیار کرنے پر گرفتار کیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم عبدالغفور نے دبئی کے سرمایہ کار کی لاہور میں پچاس کروڑ روپے مالیت کی چار کینال پراپرٹی کےجعلی کاغذات تیارکئے ، ملزم عبدالغفور نے سب رجسٹرار سمیت دیگر سے ملی بھگت کر کے پراپرٹی ہتھیانے کی کوشش کی ، ملزم کو پہلے بھی تحصیل ماڈل ٹاؤن کے علاقے دھنا سنگھ میں سرکاری زمین کے جعلی کاغذات بنانے پر گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے دھنا سنگھ والا میں ٹیلی گراف اور ٹیلی فون ڈیپارٹمنٹ کی سرکاری زمین کے جعلی کاغذات بنا کر قبضے کی کوشش کی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن سب رجسٹرار سمیت دیگر افسران کے کردار کا تعین کرنے کے لئے انکوائری کر رہا ہے ، اینٹی کرپشن ملزم عبدالغفور کا عدالت سے دوبارہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے رجوع کر چکا ہے ، جعلی کاغذات کی تیاری میں ملوث دیگر افراد کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا، کرپٹ اور بدعنوان عناصر کو ہر قیمت پر نشان عبرت بنایا جائے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں