ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا: احد چیمہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی اموراحد چیمہ نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی اموراحد چیمہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے باہمی تجارتی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی اموراحد چیمہ کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا جس سے پالیسی ریٹ بتدریج کم ہورہا ہے اور سٹاک مارکیٹ بہتری کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح میں بھی کمی واقع ہوئی ہے، رواں برس ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے فنڈ ملنے کا امکان ہے، عالمی سطح پر ہماری کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور کا کہنا تھاکہ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ اور موڈیز نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے، ایم آئی ایف کا سٹینڈ بائی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا، آئی ایم ایف سے ایکسٹینڈڈ فنڈ ملنا بڑی کامیابی ہے۔

احد چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ پاور سیکٹر کی بہتری اور ٹیکس وصولی اس وقت حکومت کے لئے سب سے اہم ہیں، پاور سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، ٹیکس وصولی کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں