اسرائیل کی شامی اہداف پرفضائی بمباری ، حماۃ میں فوجی کیمپ پر حملہ

دمشق : (ویب ڈیسک ) اسرائیل نے حمص کے دیہی علاقوں میں ایک صنعتی علاقے اور حماۃ میں ایک فوجی مقام کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے ہیں، تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شامی ٹیلی ویژن کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں شہر میں طبی اور امدادی سامان سے لدی کاروں کے علاوہ ایک کار فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، فائر فائٹنگ ٹیمیں فی الحال اسے بجھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

شامی خبر رساں ایجنسی ’سانا‘ نے ایک فوجی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ اسرائیلی دشمن نے شمالی لبنان کی سمت سے فضائی حملہ کیا، جس میں حمص کے دیہی علاقوں میں حسیاء میں صنعتی زون میں کار اسمبلی پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا"۔ یاء حماۃ کے جنوب میں 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ بمباری میں جس کار اسمبلی پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا وہ ایک "ایرانی فیکٹری" تھی، ایرانی کار فیکٹری کو براہ راست نشانہ بنایا گیا اور حما کے جنوبی دیہی علاقوں پر بھی حملے کیے گئے۔

آبزرویٹری کے مطابق حماۃ کے دیہی علاقوں میں حملوں کے دوران فضائی دفاع اور سرکاری فورسز پر مشتمل مرکزکو نشانہ بنایا گیا۔

سرکاری میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ شام کے شہر درعا میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور ان کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اسرائیل برسوں سے شام میں ایران سے منسلک اہداف کے خلاف حملے کر رہا ہے لیکن اس نے گزشتہ برس7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر کیے گئے حملے کے بعد سے شام میں اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں