پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستانی ٹیکسٹائل کی برآمدات 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2024 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ 1.64 بلین ڈالرز تک پہنچ گئیں جبکہ اگست 2023 میں یہ 1.46 بلین ڈالرز تھیں۔

بنگلا دیش میں سیاسی عدم استحکام اور بین الاقوامی پابندیوں کے نتیجے میں چین کی مصنوعات کی طلب میں کمی پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ کا باعث بنی ہیں۔

بنگلا دیش میں بڑھتی ہوئی لاگت اور سیاسی عدم استحکام کے ساتھ ساتھ چین پر پابندیوں نے عالمی کپڑے کے درآمد کنندگان کو پاکستان، بھارت اور ویتنام جیسی متبادل مارکیٹوں کی جانب مائل کیا ہے۔

اس صورتحال کے باعث اگست 2024 میں نٹ ویئر اور بیڈ ویئر کی برآمدات میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان کی ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں 28 فیصد سال بہ سال اضافہ دیکھا گیا ہے، پاکستان کی لسٹڈ ٹیکسٹائل کمپنی اس صورتحال سے خاص طور پر ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں مزید بہتری کی توقع کر رہی ہے جس سے کمپنی کے مارجن میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت بھی مضبوط ہو گی۔

موجودہ عالمی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے پاس عالمی منڈی میں اپنے قدم جمانے اور اپنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنا کر برآمدات میں مزید اضافے کا یہ سنہری موقع ہے۔

بلا شبہ برآمدات میں اضافہ پاکستان کی صنعتی ترقی میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی معاونت کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں