سہیل آفریدی نے نئی ہائبرڈ بسوں، پنک بس سروس اور بی آر ٹی ڈپو کی سولرائزیشن کا افتتاح کر دیا
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے نئی ہائبرڈ بسوں، پنک بس سروس اور چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن و مال آف حیات آباد ڈپو کا افتتاح کردیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی آر ٹی روزانہ ڈھائی لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے، جن میں 30 فیصد خواتین شامل ہیں، بی آر ٹی کے ذریعے سالانہ 30 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی ہو رہی ہے۔
بریفنگ کے مطابق بی آر ٹی کی مسلسل توسیع اس منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے، مزید 52 نئی بسیں شامل کی جا رہی ہیں، جس کے بعد بی آر ٹی بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے۔
نئی بسوں سے مزید روٹس کھولنے اور موجودہ روٹس پر مسافروں کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی، خواتین مسافروں کی خصوصی ضروریات کے پیش نظر پنک بس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن سے سالانہ 7 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بچت ہوگی، چمکنی ڈپو میں ایک میگاواٹ سولر سسٹم مکمل کرلیا گیا ہے، جس سے سالانہ 14 لاکھ 40 ہزار یونٹس بجلی پیدا ہوگی۔
مزید 50 بسوں اور 6.2 ارب روپے کی لاگت سے نئے ڈپو کی خریداری اور تعمیر کا عمل جاری ہے جبکہ مزید 50 بسیں موجودہ اے ڈی پی میں شامل کی گئی ہیں، منصوبے پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی۔
بریفنگ کے مطابق بی آر ٹی کی مکمل سولرائزیشن کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، منصوبے کی مکمل سولرائزیشن کے بعد بجلی کے اخراجات میں مزید کمی آئے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت مکمل طور پر الیکٹرک بس سروس موجود نہیں، بی آر ٹی نے یہ ہدف حاصل کرلیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments