بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں: عماد وسیم

فلوریڈا: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے بھارت سے شکست کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا گیم پلان یہی تھا کہ میچ کو آخر تک لے کر جانا ہے کیوںکہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نہیں تھی، بدقسمتی سے میں اپنے پلان پر عملدرآمد نہیں کر سکا، بھارت نے بہت اچھی باؤلنگ کی اور ہمیں زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

امریکا اور بھارت سے شکست پر انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی ایک یا دو کھلاڑیوں کا کام نہیں ہوتا، جو بھی ہوتا ہے ٹیم ورک کے نتیجے میں ہوتا ہے۔

ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ سے ہمارا آخری میچ ہے، اس کے بعد جو بھی کروں گا سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو دیکھنا ہوگا کہ ہم سے کیا غلطیاں ہوئیں اور ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کو مزید بہتر کرنا ہوگا، ٹی 20 میں کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن ہمیں امریکا سے میچ نہیں ہارنا چاہیے تھا اور بھارت کے خلاف ہم جیتی ہوئی بازی ہار گئے، ان سب چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں