پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان سہ ملکی انڈر 19 ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز
دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان سہ ملکی انڈر 19 ٹورنامنٹ آج سے دبئی میں شروع ہوگا۔
پچاس اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، تین ملکی انڈر 19 ٹورنامنٹ کا فائنل 26 نومبر کو ہوگا، سعد بیگ کی زیرقیادت قومی ٹیم ہفتہ کو دبئی پہنچی، ٹیم نے تین پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا۔
تین ملکی سیریز کے اختتام کے بعد پاکستان آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لے گا، انڈر 19 ایشیا کپ 29 نومبر سے 8 دسمبر تک دبئی اور شارجہ میں ہوگا۔
15 رکنی سکواڈ میں سے تین کھلاڑیوں سعد بیگ، شاہ زیب خان اور طیب عارف کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے کیونکہ تینوں کھلاڑی گزشتہ سال اسی مقام پر ہونے والے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں شامل تھے۔
سعد بیگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری اچھی رہی ہے، کھلاڑیوں کے تربیتی سیشن بھی بہترین رہے اور اب ہماری توجہ آج کے کھیل اور ٹورنامنٹ پر ہے، افغانستان اور متحدہ عرب امارات دونوں مضبوط سائیڈز ہیں اور یہ اے سی سی ایشیا کپ سے پہلے کمبی نیشن بنانے کا بہترین موقع ہے۔
تین ملکی سیریز کے لئے پاکستان انڈر 19 سکواڈ میں سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر)، عبدالسبحان، علی رضا، فہام الحق، فرحان یوسف، ہارون ارشد، حسن خان، محمد احمد، محمد حذیفہ، محمد ریاض اللہ، نوید احمد خان، شاہ زیب خان، طیب عارف، عمر زیب اور عثمان خان جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں احمد حسین، رضوان اللہ اور یحییٰ بن عبدالرحمٰن شامل ہیں۔
پاکستان انڈر 19 کے تمام میچز آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جائیں گے، پاکستانی وقت کے مطابق میچز کا آغاز صبح 10.30 بجے ہو گا۔