اسرائیل کا امریکی ڈیڈ لائن کے مطابق غزہ کیلئے راستہ کھولنے کا اعلان
غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے راہداری کھول دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے مطابق امریکہ کی طرف سے ملنے والی ڈیڈلائن کے مطابق انسانی بنیادوں پر جنگ زدہ فلسطینیوں کو امدادی سامان پہنچانے کے لئے راہداری کھول دی گئی ہے، واضح رہے امریکہ نے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بہتر کرنے کے لئے اسرائیل کو آج تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اور کوگاٹ کے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے غزہ میں جانے والے راستوں کی تعداد بڑھانے کی کوششوں اور وعدوں کے تحت کسوفیم راہداری کھول دی ہے، اس کے نتیجے میں خوراک، پانی، طبی آلات اور خیمے وسطی و جنوبی غزہ پہنچائے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے اسرائیلی فوج اور کوگاٹ بین الاقوامی قوانین کے مطابق غزہ کی پٹی میں امدادی سامان کی ترسیل ممکن بنائے گی۔
خیال رہے گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیل کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ اسرائیل کے پاس غزہ میں امادادی سامان کی ترسیل بہتر کرنے لیے 13 نومبر تک کا وقت ہے، بصورت دیگر اسرائیل کے حامی و اتحادی امریکہ کی طرف سے اسرائیل کے لیے فوجی امداد میں رکاوٹ آسکتی ہے۔