بھارت سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی گئی
ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے انکار کے بعد بھارت سے ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی۔
بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جس کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کیا تھا۔
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا26 واں اجلاس ملتان میں ہوا جس میں 7 ممالک نے شرکت کی جبکہ بھارت ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈ آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے انکار پر خوب بحث ہوئی۔
اجلاس میں پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ 2022 میں بھارت نے پاکستان بلائنڈ ٹیم کو ویزا نہیں دیا، پاکستان بلائنڈ ٹیم بھارت نہیں جاسکی اور ایونٹ سے محروم ہوگئی، اس بار جب پاکستان میزبان تھا تو بھارت نے اچانک آنے سے انکار کردیا ہمارا ایونٹ متاثر ہوا۔
اجلاس میں پاکستان بلائنڈ کونسل کے سخت مؤقف کے بعد آئندہ سال بھارت میں شیڈولڈ ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی لیکن ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جب تک دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی برقرار ہے، پاکستان بھارت اپنی سرزمین پر کوئی انٹرنیشنل ایونٹ نہیں کھیلیں گے تاکہ کوئی مسلئہ نہ ہو۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پاکستان اور بھارت اپنے انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل مقام پر کرائیں، اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ کو ورلڈ بلائنڈ کونسل کا آئندہ 3 سال کیلئے صدر بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔