انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے یو اے ای کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی: (دنیا نیوز)پاکستان نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 69 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹ پر 314 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری سنچری سکور کرتے ہوئے 132رنز کی اننگز کھیلی، ریاض اللہ نے 106 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 94 کے سکو رپر 41 رنز بنانے والے عثمان خان کی گری، دوسری وکٹ پر شاہ زیب اور محمد ریاض اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، دونوں نے دوسری وکٹ پر 183 رنز کی شراکت قائم کی۔

شاہ زیب خان6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 132رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جبکہ ریاض اللہ نے 106 رنز سکور کیے۔

جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 8وکٹ پر 245رنز بناسکی، ایتھن ڈی سوزا نے 84 اور محمد ریان نے 50 رنز بنائے، یوں پاکستان نے میزبان یو اے ای کو 69 رنز سے شکست دی۔

پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 57 رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کیں، واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں