بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری کا عہدہ خالی، معاملات رک گئے
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری کا عہدہ خالی ہونے کے باعث بورڈ کے معاملات رک گئے۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سربراہ بننے کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری کا عہدہ خالی ہو گیا جس پر بھارتی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی تقرری نہیں کی گئی۔
جے شاہ کے سربراہ آئی سی سی بننے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کا عبوری سیکرٹری مقرر نہیں کیا جا سکا جبکہ روزمرہ کے امور چلانے کے لیے بورڈ میں سیکرٹری کی تقرری ہونا ضروری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت کو جے شاہ کے متبادل کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں تاہم سیکرٹری کے عہدے کے لیے جوائنٹ سیکرٹری دیوجیت سائیکیا کا نام زیرغور ہے۔
گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے انیل پٹیل بھی بورڈ کے سیکرٹری کی دوڑ میں شامل ہیں اور بھارتی بورڈ کے قوانین کے مطابق 15 جنوری تک جے شاہ کے متبادل کی تقرری کرنا ضروری ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے روزمرہ کے معاملات پر سیکرٹری کے دستخط ہونا ضروری ہیں لیکن سیکرٹری کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے روزمرہ کے معاملات رکے ہوئے ہیں۔