تیسرا ون ڈے: صائم ایوب کی سنچری، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 308 رنز کا ہدف

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 308 رنز کا ہدف دے دیا۔

گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، صائم ایوب 101 رنز کیساتھ نمایاں رہے، انہوں نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی، یہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسری جبکہ اُن کے کیریئر کی تیسری سنچری ہے۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے 1 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، پھر صائم ایوب اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو بڑھایا، تاہم بابر اعظم 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 53 اورنائب کپتان سلمان آغا 48، طیب طاہر 28 ، محمد حسنین 4 جبکہ کامران غلام اور شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

جنوبی افریقا کے ربادا نے 3، جینسین اور فوچیون نے 2،2 جبکہ کوربن بوش اور مپ ہاکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

قبل ازیں جوہانسبرگ میں ہونیوالے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ٹیمبا بووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دے دی ، بارش کے باعث ہر اننگز کو 47 اوور تک محدود کیا گیا۔

واضح ہے کہ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں