قصور میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو ’’اختری ڈوگر‘‘ ہلاک
قصور: (دنیا نیوز) پولیس مقابلے میں سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر قصور کے علاقہ دولے والا کے قریب ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا جس پر 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوؤں نے پولیس ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔
ڈاکوؤں کی شدید فائرنگ سے پولیس گاڑیوں کو گولیاں لگی اور ملزمان فصل بانس میں داخل ہو گئے، پولیس ٹیم نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت اکا دکا ہوائی فائر کیے۔
ملزمان کی طرف سے فائرنگ رکی تو ایک ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے موقعہ سے چھینی گئی 02 عدد موٹر سائیکل، نقدی رقم اور پسٹل برآمد کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت اختر عرف اختری ڈوگر سکنہ جودھ سنگھ والا کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو دوران رابری 02 شہریوں کو ناحق قتل کرنے جبکہ متعدد شہریوں کو زخمی کرنے کے مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔