رحیم یارخان: مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ڈاکو ہلاک
رحیم یارخان : (دنیانیوز) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں درجنوں سنگین مقدمات میں ملوث ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھانہ صدر رحیم یار خان پولیس اغوا کے مقدمہ میں ملزم کے انکشاف پر اسلحہ برآمدگی کے لئے جارہی تھی، ملزم کے ساتھیوں نے چھڑوانے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے فرار کروانے کی کوشش ناکام بنادی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ڈاکو طارق چوہان ساتھیوں کی فائرنگ سے ماراگیا جبکہ ساتھی ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ۔
ترجمان کے مطابق پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا ، یہ واقعہ تھانہ آباد پور کے علاقے موضع مسلم آباد میں پیش آیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ خطرناک ہلاک ڈاکو اغوا، ڈکیتی، چوری جیسے 22 سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ تھا، ہلاک ڈاکو نے کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر خالد محمود کو سندھ جاتے ہوئے اغوا کیا تھا جسے پولیس نے کامیاب آپریشن کے بعد بحفاظت بازیاب کروا لیا تھا۔