شکار پور پولیس اور رینجرز کا کچے میں آپریشن جاری، اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی
شکارپور: (دنیا نیوز) گڑھی تیغو کچہ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف شکارپور پولیس اور سندھ رینجرز کا مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔
ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ اور ونگ کمانڈر رینجرز کی قیادت میں کچے میں آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے 13 ٹھکانوں سے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔
شاہزیب چاچڑ نے بتایا کہ 3 کلاشنکوف، 5 بندوقیں، گولیاں اور کارتوس برآمد ہوئے، ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو مسمار کرکے آگ لگا دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بدنام ڈاکو یعقوب تیغانی، سائین ڈنو تیغانی، اللہ وسايو تیغانی اور دیگر 13 ساتھی ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی پیش قدمی جاری ہے۔
ایس ایس پی شکار پور کے مطابق آپریشن کے دوران وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا، ڈاکوؤں نے یرغمالیوں کو چھپانے کیلئے زمین کے اندر گھات لگاکر خفیہ پناہ گاہیں بنا رکھی تھیں جنہیں ختم کر دیا گیا۔
شاہزیب چاچڑ نے بتایا کہ ڈاکوؤں کو پسپا کرنے کے لیے شکارپور پولیس اور سندھ رینجرز کے جوان پُرعزم ہیں۔