شہر قائد میں پولیس مقابلہ، بھتہ خوری میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار
کراچی: (دنیا نیوز) ایس آئی یو کا جمشید کوارٹر میں ملزموں سے مقابلہ ہوا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ایس آئی یو نے بھتہ خور گروہ سے فائرنگ کے تبادلہ میں ایک بھتہ خور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، بھتہ خور کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئیں، دو بھتہ خور پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ملزمان نے 9 ایم ایم پستول کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا، گرفتار ملزم ایم اے جناح روڈ کار شوروم پر فائرنگ کا مرکزی ملزم نکلا۔
ملزم وصی اللہ لاکھو اور صمد کاٹھاواڑی گروہ کا اہم کارندہ ہے، ملزم تاجروں سے بھتہ خوری میں ملوث تھا، ملزم گروہ کے سرغنہ کے کہنے پر تاجروں کو فائرنگ سے خوفزدہ کرتا تھا، ملزم کی شناخت ریحان الدین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ فرار ملزموں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔