غلط پارکنگ پر تنازع، شہری نے ٹریفک وارڈن پر کار چڑھا دی
ہری پور: (دنیا نیوز) جی ٹی روڈ پر غلط پارکنگ پر گاڑی کھڑی کرنے کے تنازع پر شہری نے ٹریفک وارڈن پر کار چڑھا دی۔
دنیا نیوز کو موصول ہونے والی ہری پور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کار ڈرائیور کو گاڑی آگے لے کر جانے کے کہنے کے باوجود ڈرائیور سڑک کے بیچ گاڑی پارک کر کے کھڑا رہا، ٹریفک وارڈن اشفاق چالان دینے کیلئے کار کے سامنے کھڑا ہوا تو ملزم بلال شفیق نے اسے کار کے نیچے کچل کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈن اشفاق کو سر میں شدید چوٹیں آئیں جسے بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، موقع پر موجود شہریوں اور دیگر پولیس اہلکاروں نے کار ڈرائیور کو قابو میں کر کے تھانے منتقل کر دیا، جہاں ملزم بلال شفیق کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکار کو جان سے مارنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزم بلال شفیق کے خلاف زیر دفعات 324/186، 353/34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، ملزم کو تھانہ ماڈل سٹی منتقل کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔