سی ٹی ڈی کی گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر کارروائی، شہر قائد کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر دو سو کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی کے گرفتار دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ میں ایک مکان سے برآمد کیا۔
بارودی مواد ڈرموں میں رکھا گیا تھا جو گرفتار دہشت گرد ہمدان کی نشاندہی پر برآمد کیا گیا جبکہ گرفتار دہشت گردوں کے نشاندہی پر دیگر دہشتگرد گروہوں سے وابستہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حساس اداروں نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر اسی علاقے سے 2 ہزار کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا تھا، گرفتار دہشت گردوں ہمدان خلیل اور اس کے ساتھیوں سے تفتیش جاری ہے۔