دوسری شادی نہ کرنے کا بیان، سونیا حسین شیر افضل مروت کی معترف

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ و ماڈل سونیا حسین نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے دوسری شادی نہ کرنے کے حوالے سے دیے گئے بیان پر ان کی تعریف کی ہے۔

سونیا حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ جس بے رحم معاشرے میں ہم رہتے ہیں، ایسے میں شیر افضل مروت کی کہی بات پر میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں۔

اداکارہ نے لکھا کہ شیر افضل مروت انسانی شرافت کی اہمیت اور رشتوں کے بنیادی اصولوں کو سمجھتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ ایک دن ان کی بیٹیاں ان کے لیے فخر کا باعث بنیں گی۔

سونیا حسین کا مزید کہنا تھا کہ اولاد نرینہ کی خواہش کے لیے دوسری شادی کرنا ظلم ہے، شیر افضل مروت نے دوسری شادی نہ کرنے کا فیصلہ کرکے ناصرف اپنی اہلیہ کے ساتھ انصاف کیا بلکہ اپنی بیٹیوں کو بھی زندگی بھر کے صدمے سے بچایا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک پوڈ کاسٹ کےد وران پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے بتایا تھا کہ اولاد نرینہ نہ ہونے پر 2007 میں ان کی بیوی نے ان سے کہا تھا کہ وہ دوسری شادی کرلیں۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ انہوں نے اس بارے میں کچھ وقت سوچنے کے بعد اپنی اہلیہ کو بتایا کہ وہ اولاد کی خوشی کے لیے سوتن لاکر اپنی بیوی پر ظلم نہیں کرسکتے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں