ایرانی عدالت نے ایوارڈ یافتہ فلمساز کو 5 سال قید کی سزا سنادی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی عدالت نے ایوارڈ یافتہ معروف ہدایت کار اور فلم ساز جعفر پناہی کو 5 سال قید کی سزا سنا دی۔

ایرانی خبر رساں ادارے نے جعفر پناہی کے وکیل کے حوالے سے بتایا ہےکہ ایران کی انقلابی عدالت نےجعفر پناہی کے تمام اثاثے ضبط کرنے کا حکم دینے کے ساتھ 2 سال کے لیے ملک چھوڑنے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں جعفر پناہی پر عائد الزامات کی تفصیلات نہیں بتائیں، 66 سالہ ہدایت کار جعفر پناہی ایرانی حکومت پر تنقید کے باعث پہلے بھی کئی مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل 2025 میں بھی نظام کے خلاف پروپیگنڈا سرگرمیوں کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں انہیں ایک سال قیدکی سزا سنائی گئی تھی، تاہم وہ رواں سال امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مارچ میں ایران واپس آگئے تھے۔

وہ موجودہ دور کے ایران کے سب سے زیادہ معروف ہدایت کاروں میں شمار ہوتے ہیں، گزشتہ 20 برس کے دوران وہ ایرانی حکام کی جانب سے بار بار جیل بھیجے جانے، بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کیے جانے اور گھر میں نظر بند کیے جانےکے باوجود وہ فلمیں بناتے رہے ہیں۔

جعفر پناہی کی تازہ ترین فلم ’ It Was Just an Accident‘ نے 2025 کے کانز فلمی میلے میں سب سے بڑا اعزاز پام ڈی اور جیتا تھا، یہ فلم انہوں نے ایران میں خفیہ طور پر بنائی تھی۔ اس فلم کی تیاری سے قبل بھی وہ 7 ماہ تک جیل میں رہے تھے، ان کی قید 2023 میں بھوک ہڑتال کی وجہ سے ختم ہوئی تھی۔

2015 میں ان کی فلم ’Taxi‘ نے برلن فلمی میلےکا سب سے بڑا ایوارڈگولڈن بیئر جیتا تھا، جب کہ سن 2000 کے وینس فلمی میلے میں ان کی فلم The Circle  نےگولڈن لائن ایوارڈ جیتا تھا۔

وہ دنیا کے ان چندگنے چنے ہدایت کاروں میں شامل ہیں جنہوں نے یورپ کے تینوں اعلیٰ ایوارڈ (پام ڈی اور،گولڈن بیئر،گولڈن لائن)جنہیں بگ تھری بھی کہا جاتا ہے جیت چکے ہیں، اس کے علاوہ بھی وہ عالمی سطح پر کئی فلمی ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...