افغان شہریوں کا طالبان مخالف احتجاج، 3 ہلاک، کابل ایئر پورٹ پر بھگدڑ، 17 زخمی

دنیا

کابل: (دنیا نیوز) افغان صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسد آباد اور جلال آباد شہرمیں افغان شہریوں نے طالبان کے خلاف احتجاج کیا، مرکزی چوراہوں پر افغان پرچم لہرائے، مطاہرین پر فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہو گئے، بارہ زخمی ہوگئے، کابل ائیرپورٹ پر بھگدڑ مچنے سے سترہ افراد زخمی ہوگئے۔

افغانستان کے متعدد شہروں میں طالبان مخالف مظاہرے ہوئے، صوبہ کنڑ کے شہر اسد آباد میں مرکزی چوراہے پر افغان پرچم لہرایا گیا، ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں مظاہرین نے افغان پرچم اٹھا کر مظاہرہ کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طالبان نے فائرنگ کی جس سے 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بارہ زخمی ہوگئے۔

کابل ائیرپورٹ کے باہر کی سیکیورٹی طالبان نے سنبھال لی ہے۔ سینکڑوں لوگوں نے ائیرپورٹ میں گھسنے کی کوشش کی تو طالبان نے لاٹھی چارج کیا۔ جس سے بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

مزید برآں کابل اور دیگر بڑے شہر وں میں زندگی معمول پر آنے لگی، بازاروں کی رونق لوٹ آئی ہے۔ شہر میں دکانیں اور ریسٹورنٹس کھل گئے۔ تعلیمی اداروں میں بھی معمول کے مطابق کلاسز ہورہی ہیں۔

کابل میں حکومت کے قیام کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں، طالبان رہنما انس حقانی نے عبد اللہ عبداللہ، گلبدین حکمت یار اور سابق صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی اور حکومت کی تشکیل سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا۔

کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی۔

ٹویٹر پر جاری بیان میں سفیر پاکستان نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان، چین اور افغانستان کے مشترکہ امورزیر بحث آئے، اس موقع پرانسانی حقوق کے تحفظ اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں