کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے نیو کراچی کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد اریب عرف مشتاق اور مزمل شامل ہیں، محمد اریب عرف مشتاق کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے بتایا جاتا ہے۔

سندھ رینجرز کے مطابق ملزم اپنے ساتھی مناز عرف مانی اور اصغر کے ساتھ مل کر دکانداروں اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث رہا ہے، اس کے دونوں ساتھی مناز اور اصغر اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد ملزم محمد اریب عرف مشتاق شہر کے مختلف علاقوں میں روپوش رہا جبکہ گرفتار ملزم مزمل بھتہ مافیا کے سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کا قریبی ساتھی ہے اور وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مختلف کاروباری افراد سے بھتہ وصولی میں ملوث رہا ہے۔

حکام کے مطابق ملزمان اور ان کے ساتھی بھتہ کی وصول شدہ رقم حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں