پریانتھا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں: رانا ٹنگا کا وزیراعظم کو خط
لاہور: (دنیا نیوز) سری لنکا کو 1996ء میں ون ڈے ورلڈکپ جتوانے والے رانا ٹنگا نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر کہا ہے کہ آپ کی پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں راناٹنگا نے کہا کہ آپ کی اور آپ کی حکومت کی پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں، جیسا آپ نے میڈیا میں دہرایا ہے، ایسے پرتشدد رویے کی سخت مذمت کی جانی چاہیے۔ یہ سمجھنا ضروری ہے یہ کارروائیاں آبادی کے چھوٹے سے حصے کی طرف سے کی جاتی ہیں، چند لوگوں کے اعمال پر قوم، خاص طور پر پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہئے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری دونوں قوموں کے درمیان رشتہ ہمیشہ مضبوطی اور یکجہتی کا رہا ہے، جب سری لنکا مشکل کا شکار تھا تو یہ پاکستان ہی تھا جس نے ہمارے فوجیوں کا ساتھ دیا، 1996 میں دیگر ممالک نے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سری لنکا آنے سے انکار کر دیا، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا آکر آپ کی حمایت کا اظہار کیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ہو یا سیاست، آپ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنے میں غیر متزلزل رہے ہیں، جب سے آپ پاکستان کے وزیر اعظم بنے ہیں، آپ ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں، امید ہے کہ آپ پاکستانی کمیونٹی کے چند گمراہ افراد کو یہ سکھا سکیں گے کہ ہر ایک کے ساتھ وہی عزت اور وقار کا برتاؤ کریں جس کے تمام انسان مستحق ہیں۔
رانا ٹنگا کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر اس بھیانک جرم کے مرتکب تمام افراد کو ڈھونڈنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے میں آپ کی کوششوں کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، ہم سری لنکن، بحیثیت قوم، آنجہانی کمارا خاندان کے مستقبل کے بارے میں آپ کے اظہار کردہ جذبات کی صحیح معنوں میں قدر کرتے ہیں۔