بھارت میں عام انتخابات کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ،ووٹنگ جاری

نئی دہلی: (دنیا نیوز) پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد بھارت میں 6 ہفتوں پر مشتمل انتخابات کا جمعے کو دوبارہ آغاز ہوگیا جہاں ملک کے ہیٹ ویو سے متاثرہ کچھ حصوں میں لاکھوں لوگ پولنگ اسٹیشنز کے باہر کھڑے نظر آئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں ہونے والے لوک سبھا کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 13 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام ایک علاقے کے 89 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور راجستھان سمیت 13 ریاستوں میں آج ووٹنگ ہورہی ہے ، جموں و کشمیر کی جموں پارلیمانی نشست کے لیے بھی آج ووٹنگ ہو گی۔

بی جے پی کی جانب سے نریندر مودی، اداکارہ ہیما مالینی نمایاں امیدوار ہیں جبکہ کانگریس کے راہول گاندھی اور ششی تھرور سمیت دیگر امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جون کے اوائل میں ختم ہونے والے انتخابات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے تیسری بار جیتنے کی توقع ہے۔

بھارتی میڈیا نے دوسرے مرحلے میں مسلمانوں کے ووٹوں کو اہم ترین قرار دے دیا، بھارت میں انتخابات 7 مراحل میں یکم جون تک ہوں گے، انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں