شیخ جعفر خان مندوخیل نے گورنر بلوچستان کے عہدے کاحلف اُٹھا لیا

کوئٹہ: (دنیانیوز) شیخ جعفر خان مندوخیل نے گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر بلوچستان کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے نامزد گورنر شیخ جعفر خان سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں سبکدوش گورنر ملک عبدالولی کاکڑ اور وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے جبکہ  تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، سیاسی شخصیات اور حکام نے بھی شرکت کی۔

 شیخ جعفر خان مندوخیل بلوچستان کے 24 ویں گورنربن گئے ہیں۔

دوسری جانب نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کل حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ان سے حلف لیں گے ۔

واضح رہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کی تبدیلی کا فیصلہ وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا تھا، فیصل کریم کنڈی بطور گورنر خیبرپختونخوا ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں جبکہ جعفر خان مندو خیل نے آج عہدے کا حلف اٹھایا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں