وزیر خزانہ سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کاروباری ماحول آسان بنانے کے دانشمندانہ اقدامات کئے ہیں، مہنگائی میں کمی اور سٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کے اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں، مثبت اعشاریوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، وزیر خزانہ نے وفد کو ٹیکس اقدامات کے بارے میں بھی بریف کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، وزیر خزانہ نے پی آئی اے کی نجکاری کی کوششوں کو بھی واضح کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان بتدریج معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

وفد نے وزیر خزانہ سے معاشی صورتحال اور آؤٹ لک پر تبادلہ خیال کیا، وفد نے آئی ایم ایف پروگرام، آئندہ بجٹ کے اہداف پر تفصیلی بات چیت کی، آؤٹ لک کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں