پنجاب: 16 تحصیلوں کو ماڈل بنانے کے منصوبے میں کرپشن پر 2 افسران معطل

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی 16 تحصیلوں کو ماڈل بنانے کے منصوبے میں کرپشن اور ناقص کارکردگی کی بنیاد پر محکمہ بلدیات کے دو افسران کو معطل کر دیا گیا۔

پنجاب کی 16 تحصیلوں کو ماڈل بنانے کا منصوبہ محکمہ بلدیات کے تحت 2022 میں شروع کیا گیا، یہ پراجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا گیا، اس سات سالہ پراجیکٹ نے جون 2028 تک مکمل ہونا ہے۔

پراجیکٹ کا تخمینہ 552 ملین ڈالر لگایا گیا ہے، منصوبے کے پہلے مرحلے میں پنجاب کی 16 تحصیلوں میں واٹر سپلائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کروایا جانا ہے۔

پراجیکٹ میں ناقص کارکردگی، کرپشن الزامات اور کمپنی مینجمنٹ کے خلاف سازش کرنے والے محکمہ بلدیات کے دو افسران کو نوکری سے معطل کر دیا گیا، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 13 ویں اجلاس میں دونوں افسران کے خلاف ٹھوس شواہد ملنے کے بعد نوکری سے معطل کیا گیا۔

سی ای او اسد اللہ نے بتایا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے چیف انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ انجینئر جمیل احمد اور سی ایف او زبید الحسن کو نوکری سے معطل کیا، دونوں افسران کیخلاف اب انکوائری کی جائیگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں افسران نے پرائیویٹ لوگوں کے ساتھ مل کر کمپنی کو نقصان پہنچایا ہے، دونوں افسران کو کرپشن اور ناقص کارکردگی کے ٹھوس شواہد ملنے کے بعد معطل کیا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں