امیر مقام نے قبائلی جرگے کے عمائدین سے ملاقات کر کے جاری دھرنا ختم کرا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے قبائلی جرگے کے عمائدین سے ملاقات کرکے اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم کرا دیا۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے جرگے کو یقین دلایا کہ وہ انضمام شدہ اضلاع کے لیے بنائی گئی وزیراعظم کی سٹیئرنگ کمیٹی میں تباہ شدہ مکانات کے معاوضے کے مسئلے کو سنجیدگی سے اٹھائیں گے۔

اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے جاوید محسود کی سربراہی میں ہونے والے قبائلی جرگے میں کیا گیا، مسلم لیگ ن ٹانک کے صدر سمیع اللہ خان برکی بھی جرگہ ممبران کے ہمراہ تھے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہمیں قبائل کے کسی مطالبے پر اعتراض نہیں ہے، قبائل سرحدوں کے محافظ ہیں اور انہیں جتنا تعاون دیا جائے کم ہوگا، ٹی ڈی پیز کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، وہ ذاتی طور پر ان کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق فاٹا پاٹا، مالاکنڈ ڈویژن میں وزیراعظم نے ٹیکسوں میں چھوٹ کی مدت میں توسیع کی ہے جس پر ہم وزیراعظم، وزیرخزانہ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے مشکور ہیں۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، عمائدین نے یقین دہانی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر اطمینان ہے کہ ان کے مسئلہ کو متعلقہ کمیٹی میں اٹھایا جائے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں