2اکتوبر کو پنجاب اور ملتان میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے: شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد :(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ2 اکتوبر کو پنجاب اور ملتان میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’ٹو نائٹ ود ثمر عباس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور رکاوٹوں کی وجہ سے واپس نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ان سب رکاوٹوں کو عبور کر کے وہ پنجاب میں آئے، آج بھی انھوں نے کافی رکاوٹوں کا سامنا کیا ہے، ہمارا جرم پر امن طور پر عدلیہ کے حق میں آواز اٹھانا ہے، آج کا احتجاج عدلیہ کی آزادی کیلئے تھا، امین گنڈا پو ر کو روکنے کیلئے ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے کیلئے عوامی پریشر بڑھا کر تمام جھوٹے کیسز ختم کرائیں گے، علی امین گنڈا پور نے یہ نہیں کہا تھا کہ وہ جیل توڑ کر عمران خان کو رہا کرائیں گے، خان صاحب نے پالیسی واضح کردی ہے کسی سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پولیس کا ہمارے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کل رات سے آپریشن جاری ہے، ان تمام حالات کے باوجود ہماری صرف ایک خواہش ہے کہ پاکستان میں آزاد عدلیہ ہو نی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مولانا نے یقین دلایا ہے کہ ان کا کندھا عدلیہ کے خلاف استعمال نہیں ہو گا، حکومت نے آئینی ترمیم کا پیپر مولانا سے بھی شیئر نہیں کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں