اسرائیلی دہشتگردی کو روکا جائے، گورنر سندھ کا اقوام متحدہ، او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز کو خط

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزارت خارجہ کے ذریعے اقوام متحدہ اور او آئی سی کو خط لکھا ہے جس میں اسرائیلی دہشتگردی کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خط اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرلز کو تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی اسرائیل کی دہشتگردی روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ حسن نصر اللہ کی شہادت افسوسناک ہے، خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہوا، اسرائیل اس سے قبل ایران میں اسماعیل ہانیہ کو نشانہ بنا چکا، فلسطین میں حالیہ دہشتگردی کے دوران اسرائیل نے 40 ہزار سے زائد معصوموں کو شہید کیا جن میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔

گورنر سندھ نے خط میں لکھا کہ اسرائیل نے اب لبنان کی سلامتی خودمختاری پر حملہ کیا ہے، عالمی برادری اسرائیلی دہشتگردی رکوانے کے لئے اپنا فوری کردار ادا کرے۔

خط میں گورنر سندھ نے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی بھی صورتحال کا نوٹس لے، اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک اسرائیل کی جاری دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کردار ادا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں